معرکہ حق میں شکست کھانے والا بھارت فتنتہ الخوارج و ہند سے ہائبرڈ جنگ کا سہارا لے رہا: فیلڈ مارشل

نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے 16ویں اجلاس کے شرکاء سے خطاب

اسلام آباد (ویب ڈیسک): چیف آف آرمی اسٹاف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ بھارت معرکۂ حق میں شکست کھا چکا ہے اور اب وہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہند جیسے پروکسی عناصر کے ذریعے پاکستان کے خلاف ہائبرڈ جنگ مسلط کرنے کی ناکام کوشش کر رہا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے 16ویں اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی ترقی قومی یکجہتی اور پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔ ورکشاپ میں ارکانِ پارلیمنٹ، سول سوسائٹی کے نمائندے، بیوروکریٹس، دانشور، صحافی اور نوجوان شریک تھے۔

فیلڈ مارشل نے کہا کہ یہ تمام فتنہ باز عناصر بھی ان شاء اللہ اسی انجام سے دوچار ہوں گے جو معرکۂ حق میں ان کا مقدر بنا۔

آرمی چیف نے بھارت کی جانب سے دہشتگرد عناصر کی سرپرستی کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ یہ پاکستان کے وفادار عوام، بالخصوص بلوچ بھائیوں کی حب الوطنی کو کمزور کرنے کی مذموم سازش ہے جو ناکامی سے دوچار ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کا کوئی مذہب، فرقہ یا نسل نہیں ہوتا، اس لیے پوری قوم کو اس ناسور کے خلاف ایک مؤقف اور ایک آواز کے ساتھ متحد ہونا ہوگا۔ فیلڈ مارشل نے زور دیا کہ قومی اتحاد کے بغیر دہشتگردی کا مکمل خاتمہ ممکن نہیں۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے بین الاقوامی اداروں کے ساتھ تعاون کو مزید مستحکم کرنے اور صوبے کی خوشحالی کے لیے مشترکہ قومی حکمت عملی اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان علاقائی امن کے لیے پرعزم ہے، تاہم مادرِ وطن کو درپیش کسی بھی اندرونی یا بیرونی خطرے کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، اور قومی وقار کے تحفظ میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

نشست کے اختتام پر فیلڈ مارشل اور شرکاء کے درمیان ایک آزادانہ سوال و جواب کا سیشن بھی ہوا جس میں مختلف موضوعات پر کھل کر بات چیت کی گئی۔

مزید خبریں

Back to top button