ٹھٹھہ میں بھی 10 محرم الحرام، یومِ عاشورہ کا دن بڑی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا

ٹھٹھہ (جاوید لطیف میمن\جانوڈاٹ پی کے)ٹھٹھہ میں بھی 10 محرم الحرام، یومِ عاشورہ کا دن بڑی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے شہید جانثاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
یومِ عاشورہ کے موقع پر ٹھٹھہ کی امام بارگاہ شاہِ نجف سے ایک بڑا مرکزی ماتمی جلوس برآمد ہوا، جو شاہی بازار سے ہوتا ہوا ٹھٹھہ شہر کے مین اسٹاپ پر پہنچا۔ وہاں چھوٹی بڑی امام بارگاہوں سے نکلنے والے جلوس، دھابیجی، مکلی اور دیگر علاقوں سے آنے والے تمام ماتمی جلوس بھی اس بڑے مرکزی جلوس میں شامل ہو گئے۔
جبکہ شیرازی امام بارگاہ کی جانب سے ماتم ڈھول پٹ بھی کیا گیا۔ ماتمی جلوس میں حضرت غازی عباس علمدار کے بڑے علمِ پاک اور ذوالجناح شامل تھے۔ وہاں "یا حسینؑ یا حسینؑ” کی صدائیں بلند ہوئیں۔ عزاداروں نے سینہ زنی، زنجیر زنی کی، اور تعزیہ، ذوالجناح اور سیج کو سجا کر چھریوں سے بھی ماتم کیا گیا۔
یہ ماتمی جلوس اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا بخاری امام بارگاہ ٹھٹہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔
اس موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ پورے شاہی بازار اور مین روڈ کو کناتیں لگا کر بند کیا گیا تھا اور واک تھرو گیٹ بھی لگائے گئے تھے۔ جن کی نگرانی پولیس سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار کر رہے تھے، تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آ سکے۔
ایک دن پہلے ہی ٹھٹہ شہر میں قائم تمام مسافر خانوں کی تلاشی لے کر انہیں خالی کرایا گیا تھا۔ جبکہ کل سے ہی موبائل اور انٹرنیٹ سروس معطل ہے۔ یومِ عاشورہ کے موقع پر داخلی و خارجی راستے بھی بند کر دیے گئے تھے اور قومی شاہراہ پر شامیانے لگا کر اسے بھی بند کر دیا گیا تھا۔
آج رات سے ٹھٹھہ کی مختلف امام بارگاہوں میں "شامِ غریبان” پڑھی جائے گی۔
یومِ عاشورہ کے موقع پر محکمہ صحت ٹھٹھہ اور 1122 کی جانب سے طبی میڈیکل کیمپ قائم کیے گئے تھے، جہاں زخمی عزاداروں کو فرسٹ ایڈ دی گئی۔
ماتمی جلوس میں نوحہ خواں سید غلام حیدر شاہ شیرازی اور بین نے نوحہ خوانی کی۔ ماتمی جلوس میں صوبائی وزیر سید ریاض حسین شاہ شیرازی، شیعہ علماء کونسل کے رہنما سید نور شاہ، غلام قادر شاہ شیرازی، سید نادر شاہ امیرخانی، ڈاکٹر صفدر شاہ امیرخانی، سید طالب شاہ، ڈاکٹر عبدالحسین شاہ، جاوید شاہ، نعیم قریشی سمیت ہزاروں عزادار شریک تھے۔
دوسری جانب جنگشاہی کے قریب درگاہ حضرت امیر شاہ جیلانی کی جامع مسجد میں یومِ عاشورہ کے موقع پر نمازِ جمعہ کے بعد درگاہ کے خدمت گار غلام قادر جوکھیو اور حافظ صدام حسین جوکھیو نے حضرت امام حسین علیہ السلام کی لازوال قربانیوں پر روشنی ڈالی اور انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ نذر و نیاز اور شربت تقسیم کرتے ہوئے کربلا کے شہیدوں کو سرخ سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ کربلا کا واقعہ ہمیں سکھاتا ہے کہ حق، سچ، انصاف اور انسانیت کا ساتھ کبھی نہ چھوڑا جائے۔ اللہ پاک سے دعا ہے کہ ہمارے ملک میں ہمیشہ امن، بھائی چارہ اور محبت قائم رہے۔



