سندھ حکومت کا نوجوانوں کیلئے بڑا اقدام، "آئی ورک فار سندھ” پر لائیو کیریئر کونسلنگ کا آغاز کرنے کا فیصلہ

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) سندھ حکومت نے نوجوانوں کو روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے اور جدید مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لیے "آئی ورک فار سندھ” پلیٹ فارم کے تحت لائیو کیریئر کونسلنگ شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
صوبائی وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن کے مطابق رواں ماہ سے مختلف صنعتوں کے ماہرین نوجوانوں کی براہِ راست کیریئر کونسلنگ کریں گے، جس کا مقصد نوجوانوں کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق رہنمائی فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ آئی ورک فار سندھ کے لرن اینڈ ارن پروگرام کے تحت اب تک 4 ہزار 935 افراد رجسٹرڈ ہو چکے ہیں، جن میں سے 2 ہزار 735 افراد مختلف کورسز مکمل کر چکے ہیں جبکہ 2 ہزار افراد تربیت کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں۔
شرجیل میمن کے مطابق پروگرام کے تحت نوجوانوں کو 1200 سے زائد بین الاقوامی معیار کے مختصر کورسز سکھائے جائیں گے، تاکہ انہیں جدید معیشت اور عالمی روزگار کے تقاضوں کے مطابق تیار کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ آئی ورک فار سندھ نوجوانوں کو روزگار کے ساتھ جدید مہارتوں سے بھی جوڑ رہا ہے اور یہ منصوبہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے ایک جامع نظام بن چکا ہے۔
صوبائی وزیر کے مطابق ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال بدلتے ہوئے عالمی روزگار کے منظرنامے میں وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پلیٹ فارم پر اب تک 51 لاکھ سے زائد وزٹس ہو چکے ہیں، جبکہ 1 لاکھ 19 ہزار امیدوار رجسٹرڈ ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ آئی ورک فار سندھ سے 695 کمپنیاں منسلک ہو چکی ہیں، جہاں نوجوانوں اور آجر اداروں کے درمیان رابطہ مضبوط ہو رہا ہے۔ پلیٹ فارم پر اب تک 23 ہزار 400 سے زائد ملازمتوں کے مواقع پوسٹ کیے جا چکے ہیں، جبکہ اس وقت 16 ہزار 200 سے زائد فعال روزگار کے مواقع دستیاب ہیں۔
شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کا مقصد روزگار کے مواقع کو ڈیجیٹل طریقے سے نوجوانوں تک پہنچانا اور انہیں مستقبل کی معیشت کے لیے تیار کرنا ہے۔



