خیرپور گمبوہ کا لاپتا نوجوان نہر سے مردہ حالت میں برآمد، علاقے میں افسوس کی لہر

بدین(رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو/ڈاٹ/پی کے)خیرپور گمبوہ کا لاپتا نوجوان پراسرار طور پر جاں بحق، لاش بدین کی نہر سے برآمد۔ پنگریو کے قریب واقع گاؤں خیرپور گمبوہ کے رہائشی 20 سالہ نوجوان راجا ولد عمر قمبرانی کی لاش بدین کی ایک نہر کے واٹر کورس سے برآمد ہوئی۔ ورثا کے مطابق نوجوان ایک ہفتہ قبل اپنی بہن کے گھر بدین گیا تھا، جہاں سے جمعہ کے روز نماز ادا کرنے کے لیے گھر سے نکلا، تاہم واپس نہ آیا۔ نوجوان کے لاپتا ہونے پر اہل خانہ نے متعلقہ تھانے میں گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی تھی اور مختلف مقامات پر اس کی تلاش جاری تھی۔ گزشتہ رات مقامی افراد نے نہر کے قریب شدید تعفن محسوس کیا تو انہوں نے واٹر کورس کا جائزہ لیا، جہاں جھاڑیوں میں پھنسی ہوئی ایک لاش دیکھی گئی۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور لاش کو اپنی تحویل میں لے کر ضروری قانونی کارروائی مکمل کی۔ بعد ازاں لاش کی شناخت راجا ولد عمر قمبرانی کے نام سے ہوئی، جسے ورثا کے حوالے کر دیا گیا۔ ورثا لاش کو بدین سے اپنے آبائی گاؤں خیرپور گمبوہ لے آئے، جہاں تدفین کی تیاریاں کی جارہی تھیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ نوجوان کی موت کی اصل وجہ کا تعین پوسٹ مارٹم رپورٹ اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی ممکن ہو سکے گا، جبکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔



