فضا علی کی وائرل ویڈیو پر یاسر اور دانش نواز کا زبردست مزاحیہ وار

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار اور ہدایت کار یاسر نواز اور دانش نواز نے ساتھی اداکارہ فضا علی اور ان کے شوہر اعجاز خان کی وائرل رومانوی ویڈیو کو اپنے منفرد انداز میں ری کری ایٹ کر دیا۔
یاسر نواز اور دانش نواز کی ری کری ایٹڈ ویڈیو دیکھ کر مداح ہنسی سے لوٹ پوٹ ہو گئے۔
فضا علی گزشتہ کچھ عرصے سے اپنے شوہر اعجاز خان کے ساتھ بنائی گئی رومانوی ویڈیوز کے باعث سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں، دونوں اکثر پارکس میں رومانوی گانوں پر لپ سنگ کرتے اور مختلف انداز میں ویڈیوز بناتے دکھائی دیتے ہیں۔
حال ہی میں فضا علی نے ایک اور ویڈیو شیئر کی ہے، جس میں وہ پارک میں اپنے شوہر کے ساتھ وقت گزارتی نظر آئیں، ویڈیو میں فضا علی پہلے اپنے شوہر کے کندھے پر سر رکھتی ہیں، جس کے بعد اعجاز خان انہیں اپنی پیٹھ پر اٹھا لیتے ہیں۔
اس وائرل ویڈیو سے متاثر ہو کر یاسر نواز اور دانش نواز نے اسی منظر کو مزاحیہ انداز میں فلمایا ہے۔
دونوں بھائیوں نے ناصرف ویڈیو کی مکمل نقل کی بلکہ اپنی شاندار اداکاری اور مزاحیہ انداز سے اسے مزید دلچسپ بنا دیا، جسے دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین خوب محظوظ ہو رہے ہیں۔
یہ ویڈیو انٹرنیٹ پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے اور صارفین اس پر دلچسپ تبصرے بھی کر رہے ہیں۔
اداکار جنید خان نے ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ اب ہمیں پتہ چل گیا کہ آخر میں کیا ہوا تھا۔
ایک صارف نے مزاحیہ انداز میں لکھا کہ اس ویڈیو کی تیاری کے دوران نہ فضا علی کو کوئی نقصان پہنچا اور نہ ہی اعجاز خان کو جبکہ ایک اور صارف نے تبصرہ کیا کہ میں ہنستے ہنستے لوٹ پوٹ ہو گیا۔



