پنجاب حکومت کا بڑا اقدام! گندم کے کاشتکاروں کیلئے 6 ارب روپے کا ریلیف پیکج، مفت باردانہ فراہم کرنے کا فیصلہ

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے گندم کے کاشتکاروں کیلئے بڑے ریلیف پیکج کا اعلان کرتے ہوئے 6 ارب روپے مالیت کا باردانہ مفت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اعلان کے مطابق حکومت کی جانب سے کاشتکاروں سے 3500 روپے فی من کے حساب سے گندم کی فوری خریداری شروع کی جائے گی۔

رجسٹرڈ کسانوں کو پرچیز سنٹرز سے فی ایکڑ 10 بوریاں باردانہ دیا جائے گا جبکہ کسان کارڈ ہولڈرز سے ترجیحی بنیادوں پر خریداری کو یقینی بنایا جائے گا۔

حکومتی ہدایت کے مطابق گندم کی خریداری کے بعد کسانوں کو 72 گھنٹوں کے اندر ادائیگی کی جائے گی تاکہ مالی مشکلات کم ہو سکیں۔

حکومت نے اس پورے عمل کو شفاف بنانے کیلئے صوبائی اور ڈویژنل سطح پر اسٹریٹجک مینجمنٹ کمیٹیاں بھی قائم کر دی ہیں۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ کسان کارڈ کے ذریعے اب تک 100 ارب روپے کے قرضے جاری کیے جا چکے ہیں جبکہ 99 فیصد ریکوری بھی مکمل کر لی گئی ہے۔

مزید یہ کہ تقریباً 9 لاکھ کاشتکار اس اسکیم میں رجسٹرڈ ہو چکے ہیں جبکہ گرین ٹریکٹر اسکیم کے تحت 30 ہزار ٹریکٹرز دینے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جن میں سے 20 ہزار پہلے ہی تقسیم کیے جا چکے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت کسانوں کو کسی صورت نقصان نہیں ہونے دے گی اور زرعی ترقی کو پائیدار بنیادوں پر استوار کیا جا رہا ہے، جبکہ آئندہ دو برسوں میں زرعی انقلاب لانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button