عمران خان فارن فنڈنگ کیس میں مرکزی ملزم قرار! 57 صفحات پر مشتمل چالان تیار

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف فارن فنڈنگ کیس میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے، ایف آئی اے نے 57 صفحات پر مشتمل چالان تیار کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق چالان میں عمران خان کو مرکزی ملزم قرار دیا گیا ہے جبکہ مجموعی طور پر 11 افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔

چالان میں طارق شفیع اور حامد زمان سمیت دیگر افراد کو بھی شامل کیا گیا ہے، جبکہ عارف نقوی اور طارق رحیم شیخ سمیت 3 ملزمان کو اشتہاری قرار دیا گیا ہے۔

ایف آئی اے کے مطابق پی ٹی آئی کے اکاؤنٹس میں دنیا بھر سے 1800 ٹرانزیکشنز ہوئیں، جن کے ذریعے ’نیا پاکستان‘ کے نام پر رقوم موصول ہوئیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان پر 2.1 ملین ڈالر کی غیر قانونی فنڈنگ کا الزام ہے، جبکہ ’ووٹ آن کرکٹ لمیٹڈ‘ نامی کمپنی کے ذریعے بھی رقم منتقل کی گئی۔

چالان کے مطابق یہ کمپنی مبینہ طور پر کیمن آئرلینڈ میں رجسٹرڈ ظاہر کی گئی، تاہم تحقیقات میں اسے غیر موجود یا فیک قرار دیا گیا ہے۔

دوسری جانب بینکنگ عدالت اسلام آباد میں کیس کی سماعت عبدالغفور کاکڑ کی سربراہی میں ہوئی، جہاں پراسکیوٹر واثق ملک نے عدالت کو بتایا کہ چالان مکمل ہو چکا ہے اور جلد جمع کرا دیا جائے گا۔

عدالت نے کیس کی مزید سماعت 21 اپریل تک ملتوی کرتے ہوئے ملزمان سراج احمد اور فیصل قاضی کی عبوری ضمانت میں بھی توسیع کر دی۔

یاد رہے کہ ایف آئی اے نے بانی پی ٹی آئی اور دیگر کے خلاف منی لانڈرنگ سمیت مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کر رکھا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button