بھارت میں چکن لیگ پیس نہ ملنے پر شادی ہال میدانِ جنگ بن گیا، ایک نوجوان ہلاک

ممبئی(جانوڈاٹ پی کے)شادی کی تقریب میں چکن لیگ پیس نہ ملنے اور گانے کے تنازع پر جھگڑا ہوگیا جس میں ایک مہمان کی جان چلی گئی۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر گورکھپور میں شادی کی تقریب اُس وقت میدانِ جنگ بن گئی جب ڈی جے میوزک اور کھانے پر ہونے والے جھگڑے نے پُرتشدد تصادم کی شکل اختیار کی۔ دلہن اور دولہا کے اہل خانہ کے درمیان ہونے والی اس لڑائی کے نتیجے میں ایک نوجوان ہلاک اور دوسرا شدید زخمی ہوا۔
پولیس اور عینی شاہدین کے مطابق تنازع کی ابتدا ڈی جے پر بجائے جانے والے گانوں پر بحث سے ہوئی، یہ تلخی اس وقت مزید بڑھ گئی جب کھانے کے دوران ایک باراتی نے چکن لیگ پیس نہ ملنے پر اعتراض کیا۔
دیکھتے ہی دیکھتے دونوں جانب سے لوگ ایک دوسرے پر پل پڑے، مشتعل افراد نے بیلٹ، لاٹھیوں، تلواروں اور پتھروں سے حملہ کیا جس سے شادی ہال میں افراتفری مچ گئی۔ تشدد کی اس لہر سے خوف زدہ ہو کر مہمان اپنی جانیں بچانے کیلیے اِدھر اُدھر بھاگتے نظر آئے۔
تصادم کے دوران 25 سالہ نوجوان شدید زخمی ہوا جو بعد ازاں اسپتال میں علاج کے دوران دم توڑ گیا۔ پولیس کے مطابق ایک اور نوجوان شدید زخمی ہے اور اس کا علاج جاری ہے۔
پولیس نے مقتول کے اہل خانہ کی شکایت پر مقدمہ درج کر لیا اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے 7 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔



