پنجاب میں 6 اور 7 اکتوبر کو بارشوں کی پیشگوئی، پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبے بھر میں بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں اور ضلعی انتظامیہ کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کردی۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق 6 اور 7 اکتوبر کو پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارش کا امکان ہے، جبکہ راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد اور وزیرآباد میں بھی بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق لاہور، قصور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، میانوالی، خوشاب، سرگودھا، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور فیصل آباد میں بھی بارش متوقع ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ نے کہا کہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، جس کے پیش نظر صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کو الرٹ کردیا گیا ہے، جبکہ محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لائیو اسٹاک سمیت متعلقہ محکموں کو بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی کہ خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور بوسیدہ یا کچے مکانات میں رہائش سے گریز کریں۔ آندھی اور طوفان کی صورت میں محفوظ مقامات پر رہنے جبکہ غیر ضروری سفر سے اجتناب کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
سیف انور جپہ نے کہا کہ شہری آسمانی بجلی سے بچاؤ کے لیے محفوظ مقامات پر رہیں، بچوں کا خصوصی خیال رکھیں اور انہیں نشیبی علاقوں، پانی، بجلی کی تاروں اور کھمبوں کے قریب جانے سے روکیں۔ گرج چمک اور طوفانی موسم کے دوران کھلے آسمان تلے جانے سے بھی گریز کیا جائے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہری پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔



