ملک بھر میں شدید گرمی برقرار، بالائی علاقوں میں بارش کا امکان

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں آج شدید گرمی اور خشک موسم کا راج رہے گا، جبکہ کشمیر، گلگت بلتستان اور بالائی خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں صبح کا درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ دن کے دوران پارہ 36 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں 17 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی۔
لاہور میں گرمی کی شدت برقرار ہے، جہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی توقع ہے۔ شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 40 فیصد ریکارڈ کیا گیا جبکہ بارش کا کوئی امکان ظاہر نہیں کیا گیا۔
دوسری جانب کراچی میں گرمی اور حبس نے شہریوں کو بے حال کر دیا، موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ 37 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے۔ نمی کا تناسب 75 فیصد ہونے کے باعث گرمی کی شدت زیادہ محسوس کی جا رہی ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔



