پی ڈی ایم اے نےالرٹ جاری کردیا

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)ترجمان این ڈی ایم اے نے آئندہ12سے24گھنٹے میں پنجاب،خیبرپختونخوا،گلگت بلتستان،آزاد کشمیراوردیگرعلاقوں کیلئے موسمیاتی الرٹ جاری کر دیا ہے۔این ڈی ایم اے کے مطابق اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ترجمان کے مطابق اس دوران ملک کے مختلف مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے، جبکہ تیز ہواؤں اور ژالہ باری کے باعث کمزور تعمیرات اور تنصیبات کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ شمالی علاقہ جات میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے اور لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات پیش آ سکتے ہیں، جبکہ بارشوں، ممکنہ سیلابی صورتحال اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث رابطہ سڑکوں کی بندش کا بھی خطرہ موجود ہے۔الرٹ کے مطابق ہنزہ، نگر، گلگت، چلاس اور استور میں لینڈ سلائیڈنگ کا شدید خطرہ ہے۔ اسی طرح شگر، چترال، کالام، اپر کوہستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی لینڈ سلائیڈنگ کے امکانات ظاہر کیے گئے ہیں۔این ڈی ایم اے نے شمشال ویلی، عطاآباد جھیل اور کریم آباد کے درمیان رابطہ سڑکوں کو حساس قرار دیا ہے، جبکہ گل میت، ششکت بالا اور پاسو کے درمیان رابطہ سڑکیں بھی خطرے سے دوچار قرار دی گئی ہیں۔ترجمان کے مطابق شگر روڈ، اسکردو روڈ، دیوسائی روڈ اور قراقرم ہائی وے پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہونے اور راستے بند ہونے کا خدشہ ہے۔ ممکنہ طور پر متاثر ہونے والی اہم شاہراہوں میں قراقرم ہائی وے، ناران روڈ اور جگلوٹ۔اسکردو روڈ شامل ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button