وفاق کاگلگت بلتستان کیلئے بڑا فیصلہ،22ارب روپے سبسڈی اورڈیڑھ لاکھ میٹرک ٹن گندم منظور

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وفاقی حکومت نے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کی درخواست پر فوری ایکشن لیتے ہوئے ایک لاکھ 50ہزار میٹرک ٹن گندم اور 22ارب روپے کی سبسڈی جاری کر دی۔وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے وزیراعظم شہباز شریف سے حالیہ ملاقات میں گندم سبسڈی کے بجٹ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سبسڈی برقرار رکھنے اور بروقت گندم کی فراہمی کی درخواست کی تھی۔وزیراعلیٰ امجد حسین کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے تقریباً بیس لاکھ افراد کی غذائی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو بنیادی ضروریات کی فراہمی کو اولین ترجیح سمجھتی ہے اور عوامی مفاد کے ہر معاملے کو مؤثر انداز میں وفاق کے سامنے اٹھاتی رہے گی۔



