گاؤں آنٹری کے لوگ بیہوش ہو رہے ہیں، انتظامیہ نوٹیس کے اور پانی کی ٹیسٹ کروائے: انور ارباب جبار

تھرپارکر(رپورٹ:میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے)جی ڈی اے رہنما اور ارباب گروپ کی اہم قیادت ارباب انور عبدالجبار نے اپنے جاری کردہ پریس بیان میں کہا ہے کہ تحصیل ننگرپارکر کے گاؤں آنٹری میں مبینہ طور پر کنویں کا زہریلا پانی پینے سے انسانی زندگیاں خطرے میں پڑ گئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اب تک جو بھی کنویں کا پانی پیتا ہے وہ بے ہوش ہو جاتا ہے۔ چند روز قبل 30 سے زائد افراد بے ہوش ہوگئے تھے، مگر انتظامیہ اور محکمہ صحت نے اس معاملے کا کوئی نوٹس نہیں لیا، نہ ہی ڈاکٹروں کی کوئی ٹیم کنویں کا جائزہ لینے یا پانی کی جانچ کے لیے پہنچی ہے۔

ارباب انور نے کہا کہ گاؤں آنٹری کے رہائشی شدید اذیت میں مبتلا ہیں اور زہریلا پانی ہونے کے بعد پینے کے صاف پانی سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجبوری کے باعث لوگ وہی پانی پینے پر مجبور ہیں جس سے دوبارہ بے ہوشی کے واقعات پیش آرہے ہیں۔

انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت سے فوری امداد فراہم کرنے اور پانی کی سائنسی بنیادوں پر جانچ کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے متاثرہ دیہاتیوں کو یقین دلایا کہ وہ خود کو اکیلا نہ سمجھیں، وہ ہر مشکل میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

ارباب انور نے انتظامیہ کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ دو دن کے اندر متاثرہ گاؤں کے مکینوں کی داد رسی کی جائے اور پینے کا صاف پانی فراہم کیا جائے، بصورت دیگر متاثرین کے ساتھ مل کر تاریخی احتجاج کیا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button