پاکستانی سفارتخانہ واشنگٹن میں معرکہ حق کی پہلی سالگرہ پر پروقار تقریب

واشنگٹن(جانوڈاٹ پی کے) معرکہ حق کی تاریخی فتح کو ایک سال مکمل ہونے پر واشنگٹن میں واقع سفارت خانہ پاکستان میں شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستانی کمیونٹی نے بھرپور شرکت کی، تقریب میں ’پاکستان زندہ باد‘ اور ’ہم ہیں بنیان المرصوص‘ کے پرجوش نعروں نے وطن سے محبت کے جذبے کو تازہ کر دیا۔

واشنگٹن میں سفارت خانہ پاکستان میں منعقدہ تقریب کا آغاز معرکہ حق کی پہلی سالگرہ کی مناسبت سے ہوا، جس میں امریکی و پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد شریک ہوئی، شرکا نے وطن عزیز کے دفاع، سالمیت اور قومی وقار کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

تقریب میں افواجِ پاکستان کو ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور وطن کے دفاع میں کردار پر زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔ بری، فضائی اور بحری افواج کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں “آہنی دیوار” قرار دیا گیا جس نے دشمن کے خلاف وطن کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا۔

تقریب میں صدر مملکت اور وزیر اعظم پاکستان کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے جبکہ نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اور وزیر دفاع کے ویڈیو پیغامات بھی نشر کیے گئے، جن میں قومی وحدت اور عزم کا اظہار کیا گیا۔

چیف آف ڈیفنس فورسز جنرل سید عاصم منیر کا پیغام ڈیفنس اتاشی بریگیڈیئر عرفان علی نے شرکا تک پہنچایا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا کہ معرکہ حق کے دوران پاکستان نے اپنی جغرافیائی اہمیت، قومی وقار اور دفاعی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا، پاکستان خطے کا اہم اور حساس ملک ہے جہاں امن اور استحکام عالمی اہمیت رکھتے ہیں۔

سفیر پاکستان نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی دوراندیش سوچ کے مطابق پاکستان ایک عالمی محور کی حیثیت اختیار کر رہا ہے، پاکستان مسلمانوں کی عزت و وقار کے تحفظ کے لیے قائم ہوا تھا اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

 انہوں نے بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ قیام پاکستان کے فیصلے کی درستگی کو مزید واضح کرتا ہے، پاکستان گذشتہ 8 دہائیوں سے عالمی سطح پر امن کے فروغ اور مثبت سفارت کاری میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، انہوں نے امریکہ ایران تنازع میں پاکستان کی امن کوششوں کو بھی اجاگر کیا۔

انہوں نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جنگ بندی کے حوالے سے کوششوں پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ 88 گھنٹوں پر مشتمل معرکہ حق کے واقعات نے دنیا بھر میں پاکستانیت کے جذبے کو دوبارہ زندہ کیا۔

اختتام میں انہوں نے کہا کہ قومی ترقی اور استحکام کے لیے اتحاد ناگزیر ہے، جبکہ تقریب میں معروف شاعر مجید امجد کا شعر بھی پیش کیا گیا۔

مزید خبریں

Back to top button