سندھ کے اسکولوں کے اوقاتِ کار تبدیل، نیا شیڈول 6 اگست سے نافذ، تمام اسکولوں کو عملدرآمد کی ہدایت

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) محکمہ اسکول ایجوکیشن سندھ نے صوبے بھر کے سرکاری اسکولوں کے لیے نئے اوقاتِ کار کا سرکلر جاری کر دیا، جس کا اطلاق 6 اگست 2026 سے فوری طور پر کر دیا گیا ہے۔
محکمہ تعلیم سندھ کے مطابق تمام سرکاری اسکول نئے شیڈول پر سختی سے عملدرآمد کریں گے، جبکہ سنگل شفٹ اور ڈبل شفٹ اسکولوں کے لیے الگ الگ اوقات مقرر کیے گئے ہیں۔
سرکلر کے مطابق 6 اگست سے 31 اکتوبر تک پیر سے جمعرات سنگل شفٹ پرائمری اسکول صبح 8 بجے سے دوپہر 2:30 بجے تک کھلے رہیں گے، جبکہ جمعہ کے روز اوقاتِ کار صبح 8 بجے سے دوپہر 1 بجے تک ہوں گے۔
یکم نومبر سے 31 مارچ تک سنگل شفٹ پرائمری اسکول صبح 8:30 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک جاری رہیں گے۔
محکمہ تعلیم نے ڈبل شفٹ پرائمری اسکولوں کے لیے بھی پہلی اور دوسری شفٹ کے اوقات مقرر کر دیے ہیں، جبکہ ڈبل شفٹ ایلیمنٹری، سیکنڈری اور ہائیر سیکنڈری اسکولوں کی پہلی شفٹ کے اوقات بھی طے کر دیے گئے ہیں۔
نئے شیڈول کے مطابق 6 اگست سے 31 اکتوبر تک ڈبل شفٹ ایلیمنٹری، سیکنڈری اور ہائیر سیکنڈری اسکولوں کی پہلی شفٹ صبح 7:30 بجے سے دوپہر 1:30 بجے تک ہوگی، جبکہ یکم نومبر سے 31 مارچ تک یہ اوقات صبح 8 بجے سے دوپہر 1:45 بجے تک ہوں گے۔
محکمہ اسکول ایجوکیشن سندھ نے تمام متعلقہ افسران اور اسکول سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ نئے اوقاتِ کار پر فوری عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ سرکلر کے مطابق یہ شیڈول آئندہ احکامات تک نافذ العمل رہے گا۔



