واشنگٹن: پاکستانی سفارتخانے میں قائداعظم کا مجسمہ نصب، یومِ آزادی کی تقریب تاریخی رنگ اختیار کرگئی

واشنگٹن (جانوڈاٹ پی کے\ویب ڈیسک) امریکا کے دارالحکومت واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے میں بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کا مجسمہ نصب کردیا گیا، جس کی نقاب کشائی یومِ آزادی کی تقریب کے دوران کی گئی۔
پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے سفارتخانے میں منعقدہ تقریب کے دوران مجسمے کی نقاب کشائی کی۔ تقریب میں پاکستانی نژاد امریکی شہریوں، سفارت کاروں اور میڈیا نمائندوں نے شرکت کی۔
قائداعظم کا مجسمہ ہیوسٹن میں قائم قائداعظم فاؤنڈیشن کی جانب سے پاکستانی سفارتخانے کو بطور تحفہ دیا گیا ہے اور اب یہ مجسمہ مستقل طور پر واشنگٹن میں سفارتخانے میں موجود رہے گا۔
مجسمے کی تنصیب ایسے موقع پر ہوئی ہے جب پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی 150ویں سالگرہ منانے کی تیاری کر رہا ہے۔ اس موقع پر پاکستانی سفیر نے بانیٔ پاکستان کی سیاسی جدوجہد اور قیام پاکستان کے لیے ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔
یوم آزادی کی تقریب کا آغاز قومی پرچم لہرانے سے ہوا، جبکہ قومی ترانے اور تلاوتِ قرآن پاک کا بھی اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں صدر پاکستان، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم کے یوم آزادی کے پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔
پاکستانی سفیر نے پاکستان اور امریکا کے باہمی تعلقات کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک مختلف شعبوں میں تعاون کر رہے ہیں۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بھی یوم آزادی پاکستان پر اپنے پیغام میں دونوں ممالک کے درمیان علاقائی ثالثی، اہم معدنیات، توانائی، انسداد دہشت گردی، ثقافتی ورثے، تجارت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کا ذکر کیا۔
تقریب کے دوران پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی رہنما اور ثقافتی سفیر وقار علی خان کو کئی دہائیوں پر محیط خدمات کے اعتراف میں صدر کا تمغہ برائے حسنِ کارکردگی بھی عطا کیا گیا۔



