اوکاڑہ پنجاب بھر میں ویکسینیشن کوریج میں سرفہرست: 98.5 فیصد اسکور کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کر لی

اوکاڑہ (رپورٹ: وحید آرائیں\جانوڈاٹ پی کے) اوکاڑہ نے پنجاب بھر میں ویکسینیشن کوریج کی کارکردگی میں پہلا مقام حاصل کر لیا ہے۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ اینڈ پاپولیشن اتھارٹی اوکاڑہ نے آغا خان یونیورسٹی کے زیرِ اہتمام تیسرے فریق (Third-Party) ایمیونائزیشن سروے میں 98.5 فیصد نمبرز حاصل کر کے صوبے بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر فواد افتخار نے اس شاندار کامیابی کا سہرا ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک کی قیادت، محکمہ صحت کے افسران، ای پی آئی (EPI) ٹیموں، ویکسینیٹرز اور فیلڈ سٹاف کی مسلسل محنت اور لگن کو قرار دیا۔
ڈاکٹر فواد افتخار نے ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہر بچے تک حفاظتی ٹیکہ جات کی بروقت اور سو فیصد رسائی یقینی بنا کر صحت مند نسل تشکیل دینا ہی ان کی ترجیح ہے، اور کامیابی کا یہ سفر آئندہ بھی اسی جذبے کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔



