ایران نے تجارتی جہازوں پر حملے کیے تو اسے امریکی فائر پاور کا سامنا کرنا پڑے گا، پیٹ ہیگسیتھ

واشنگٹن(جانوڈاٹ پی کے)امریکی وزیرجنگ پیٹ ہیگسیتھ نے آبنائے ہرمز میں کمرشل شپنگ پر حملوں کی صورت میں ایران کو سخت نتائج کی دھمکی دیدی۔
سربراہ امریکی محکمہ جنگ پیٹ ہیگسیتھ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی کہتے ہیں ان کا آبنائے ہرمز پر کنٹرول ہے جبکہ ایسا نہیں ہے، ایران نے تجارتی جہازوں پر حملے کیے تو اسے امریکی فائر پاور کا سامنا کرنا پڑے گا۔
وزیرجنگ پیٹ ہیگسیتھ نےکہا کہ امریکا ایران سے جنگ نہیں چاہتا، نہ ایرانی فضاؤں میں داخل ہوں گے ، نہ ایرانی پانیوں میں، آپریشن پروجیکٹ فریڈم صرف آبنائے ہرمز کھلوانے کے لیے ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ جاپان اورجنوبی کوریا آبنائے ہرمز کوکھولنےکی کوششوں میں ساتھ دیں۔
ہیگستھ نے کہا امریکی فوج چاہتی ہےکہ آبنائے ہرمز پر ایران کا غیر قانونی قبضہ ختم کرائے اورتجارتی جہازوں کو ایرانی جارحیت سے تحفظ فراہم کرے، دنیا کوآگے بڑھ کر آبنائے ہرمز کی ذمہ داری سنبھالنا ہوگی۔
پیٹ ہیگسیتھ نے یہ بھی کہا کہ ایران کا منصوبہ بین الاقوامی بھتےکی شکل ہے اور ناقابلِ قبول ہے، ایران نے کمرشل شپنگ پر حملے کیے تو سخت جواب دیا جائے گا۔



