شہریوں پر حملے جاری رہے تو سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے،سعودی عرب کی حوثیوں کو سخت وارننگ

ریاض (جانو ڈاٹ پی کے) سعودی عرب نے یمنی حوثیوں کو بے گناہ شہریوں اور شہری تنصیبات پر حملے جاری رکھنے کی صورت میں سنگین نتائج سے خبردار کردیا ہے، جبکہ سعودی وزارت خارجہ نے سعودی شہروں پر ہونے والے حوثی حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔
سعودی وزارت خارجہ کے مطابق حوثیوں کے حملوں کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 73 شہری زخمی ہوئے ہیں۔ سعودی حکام نے شہری آبادیوں کو نشانہ بنانے کی کارروائیوں پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ملکی سلامتی اور خودمختاری پر کسی بھی قسم کی جارحیت برداشت نہیں کی جائے گی۔
سعودی وزارت خارجہ نے بحیرۂ احمر میں تجارتی جہازوں پر حملوں اور عالمی بحری جہاز رانی کو لاحق بڑھتے ہوئے خطرات پر بھی تشویش کا اظہار کیا ہے۔
سعودی حکام کا کہنا ہے کہ مملکت کو اپنی خودمختاری کے دفاع اور قومی صلاحیتوں کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کرنے کا مکمل حق حاصل ہے، جبکہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔
سعودی حکام نے خبردار کیا کہ اگر حوثیوں کی جانب سے بے گناہ شہریوں اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری رہا تو اس کے سنگین نتائج سامنے آسکتے ہیں۔
سعودی عرب نے عالمی برادری سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرے اور سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنائے تاکہ شہریوں کے تحفظ اور خطے میں بحری جہاز رانی کی سلامتی کو یقینی بنایا جاسکے۔



