جیسن گلیسپی پھٹ پڑے! عاقب جاوید کو پاکستان کرکٹ کے مسائل کی جڑ قرار دے دیا

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی نے قومی کرکٹ کی موجودہ صورتحال پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے سابق پاکستانی کرکٹر اور سلیکشن کمیٹی کے رکن عاقب جاوید کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

جیسن گلیسپی نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کرکٹ کے موجودہ مسائل کی جڑ عاقب جاوید ہیں اور موجودہ صورتحال نے انہیں مایوس کردیا ہے۔

عاقب جاوید دو سال سے عہدے پر، میں اور گیری کرسٹن بھی نہ ٹک سکے، گلیسپی

جیسن گلیسپی کے مطابق عاقب جاوید سلیکٹرز کے چیئرمین ہیں اور گزشتہ تقریباً دو برس سے اپنے عہدے پر موجود ہیں، جبکہ وہ اور گیری کرسٹن پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ دو سال بھی مکمل نہیں کرسکے۔

سابق ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ عاقب جاوید اپنے دور میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی کارکردگی میں بہتری کے دعوے کرتے ہیں، تاہم ان کے مطابق قومی ٹیم تینوں فارمیٹس کی عالمی رینکنگ میں مزید نیچے گئی ہے۔

پاکستان کرکٹ نقصان دہ چکر میں پھنس گئی، سابق کوچ

گلیسپی نے پاکستان کرکٹ کی موجودہ صورتحال کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ قومی کرکٹ ایک نقصان دہ چکر میں پھنس چکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ میں ذمہ داریاں سنبھالنے سے قبل انہیں کئی معاملات کے حوالے سے خبردار کیا گیا تھا، تاہم موجودہ حالات دیکھ کر ان کا دل ٹوٹتا ہے۔

منفی گفتگو جاری رہی تو قانونی کارروائی کی دھمکی

سابق قومی ٹیسٹ ہیڈ کوچ نے یہ بھی کہا کہ اگر ان کے بارے میں منفی گفتگو کا سلسلہ جاری رہا تو وہ عاقب جاوید کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے۔

گلیسپی کے ان بیانات نے پاکستان کرکٹ کے انتظامی ڈھانچے، کوچز کے کردار اور سلیکشن کے طریقہ کار پر ایک بار پھر بحث چھیڑ دی ہے۔

تاہم عاقب جاوید کی جانب سے ان الزامات پر ردعمل یا مؤقف سامنے آنے کی صورت میں معاملے کی مزید وضاحت ہوسکتی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button