امریکی حملوں کے اعلان کے بعد ایران کے 5 شہروں میں دھماکوں کی گونج، فضائی دفاعی نظام متحرک


تہران(ویب ڈیسک) امریکا کی جانب سے حملوں کے اعلان کے بعد ایران کے مختلف علاقوں میں کشیدگی بڑھ گئی، جہاں 5 شہروں میں دھماکوں کی آوازیں سنی جانے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق دھماکوں کی آوازیں شمال مغربی ایران کے اہم شہر تبریز سمیت دو اہم ساحلی اور بندرگاہی علاقوں میں بھی سنائی دیں۔
مقامی شہریوں اور صحافیوں کے مطابق تبریز، چابہار، کنارک، بندر ماہشہر اور بندر امام خمینی میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، تاہم فوری طور پر ان دھماکوں کی نوعیت یا ممکنہ نقصان کے بارے میں کوئی سرکاری تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
دوسری جانب ایرانی خبر رساں ادارے مہر کے مطابق ایران کے فضائی دفاعی نظام نے ملک کے جنوبی علاقے میں ایک ڈرون مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے، جس کے بعد حساس تنصیبات کے گرد سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔
حکام کی جانب سے صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے، جبکہ ان واقعات کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔