امریکی ڈیموکریٹس کا اسرائیل کے جوہری پروگرام پر ابہام ختم کرنے کا مطالبہ

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی ایوان نمائندگان کے 30 ڈیموکریٹ ارکان نے مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے اسرائیل کے مبینہ جوہری ہتھیاروں کے پروگرام سے متعلق غیر یقینی صورتحال ختم کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
ڈیموکریٹ ارکان نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کو لکھے گئے خط میں مؤقف اختیار کیا کہ امریکا ایک ایسے ملک کے ساتھ جنگی شراکت داری میں شامل ہے، جس کے ممکنہ جوہری پروگرام کو امریکی حکومت سرکاری طور پر تسلیم کرنے سے گریز کرتی ہے۔
خط میں کہا گیا کہ کانگریس کی ذمہ داری ہے کہ وہ مشرق وسطیٰ میں جوہری توازن، ممکنہ کشیدگی میں اضافے کے خطرات اور ایسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے حکومتی حکمت عملی سے مکمل طور پر آگاہ ہو۔
ارکان نے لکھا کہ اسرائیل سے متعلق سرکاری ابہام کی پالیسی مشرق وسطیٰ میں جوہری پھیلاؤ روکنے کی کوششوں کو پیچیدہ بنا دیتی ہے، کیونکہ ایران کا جوہری پروگرام بھی خطے کے دیگر ممالک کی سمجھی جانے والی صلاحیتوں کے ردعمل میں آگے بڑھتا ہے۔
خط میں مطالبہ کیا گیا کہ اسرائیل کو بھی اسی سطح کی شفافیت کا پابند بنایا جائے، جس کا تقاضا امریکا دیگر ممالک سے کرتا ہے جو جوہری صلاحیت رکھتے ہیں یا حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ عالمی سطح پر عام تاثر ہے کہ اسرائیل جوہری صلاحیت رکھتا ہے، تاہم اسرائیل نے ہمیشہ اس حوالے سے واضح تصدیق یا تردید سے گریز کیا ہے۔



