ایران کیساتھ معاہدہ جوہری پروگرام سے مشروط ہے،امریکا

واشنگٹن(جانوڈاٹ پی کے)امریکی حکومت نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ کسی بھی وسیع تر معاہدے یا تعلقات میں پیش رفت کا انحصار ایک قابلِ قبول جوہری معاہدے پر ہوگا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی حکام نے کہا ہے کہ اگر ایران اپنے جوہری پروگرام پر پابندیاں قبول کرتا ہے اور بین الاقوامی نگرانی کے نظام سے تعاون کرتا ہے تو واشنگٹن پابندیوں میں نرمی، اقتصادی اقدامات اور دیگر شعبوں میں پیش رفت پر غور کر سکتا ہے۔
امریکا کا کہنا ہے کہ نئی نیوکلیئر ڈیل کے بغیر کسی بڑے معاہدے کا امکان نہیں۔صدرڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے اپنے مذاکراتی نمائندوں کو ہدایت دی ہے کہ ایران کیساتھ بات چیت جاری رکھی جائے لیکن بنیادی شرط یہی رہے گی کہ ایران اپنے جوہری پروگرام کے بارے میں ایسا معاہدہ کرے جو امریکا اور اس کے اتحادیوں کیلئےقابلِ قبول ہو۔دوسری جانب ایران کا مؤقف ہے کہ اس کا جوہری پروگرام پرامن مقاصد کے لیے ہے اور وہ ایسے معاہدے کو قبول نہیں کرے گا جو اس کے قانونی حقوق یا خودمختاری کو متاثر کرے۔تہران کا یہ بھی مطالبہ ہے کہ کسی بھی نئے معاہدے کے ساتھ اقتصادی پابندیوں میں مؤثر نرمی اور ضمانتیں فراہم کی جائیں۔



