خیبر پختونخوا کے 4 تاریخی مقامات یونیسکو کی عالمی ثقافتی ورثے کی عارضی فہرست میں شامل

پشاور(جانوڈاٹ پی کے) خیبر پختونخوا کے مزید 4 تاریخی مقامات کو یونیسکو کی عالمی ثقافتی ورثے کی عارضی فہرست میں شامل کرلیا گیا ہے۔
یونیسکو کی عارضی فہرست میں ہری پور کا بھامالا، پشاور کا سیٹھی ہاؤس، گور گٹھری اور سوات کا بریکوٹ شامل ہیں۔
صوبائی وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان نے اس پیشرفت کو صوبائی حکومت کی بڑی کامیابی اور خیبر پختونخوا کے مالا مال تاریخی و ثقافتی ورثے کا عالمی سطح پر اعتراف قرار دیا۔
شفیع جان کے مطابق یونیسکو کی عارضی فہرست میں شمولیت سے خیبر پختونخوا کے تاریخی اور ثقافتی مقامات کی اہمیت عالمی سطح پر مزید اجاگر ہوگی اور ان کے تحفظ و فروغ کے لیے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے وژن اور وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی قیادت میں صوبے کے تاریخی و ثقافتی ورثے کے تحفظ اور فروغ کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ شاندار ثقافتی ورثہ صوبے کا فخر اور آنے والی نسلوں کے لیے امانت ہے، جبکہ تاریخی ورثے کا تحفظ، بحالی اور اسے عالمی سطح پر متعارف کرانا صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔



