برمودا سے امریکا جانے والی ایئر ایمبولینس سمندر میں گر کر تباہ، 6 افراد سوار تھے

نیویارک (ویب ڈیسک) برمودا ایئرپورٹ سے امریکا جانے والی ایئر ایمبولینس کے سمندر میں گرنے کی تصدیق ہوگئی، امریکی کوسٹ گارڈ نے نانٹکٹ جزیرے کے قریب طیارے کا ملبہ تلاش کرلیا۔

امریکی کوسٹ گارڈ کے مطابق ایئر ایمبولینس میں عملے کے 4 کینیڈین ارکان، ایک مریض اور اس کا تیماردار سوار تھا۔ حکام نے تاحال طیارے میں موجود 6 افراد کے زندہ بچنے یا ان کی لاشیں ملنے کی باضابطہ تصدیق نہیں کی۔

امریکی حکام کے مطابق نانٹکٹ کے ساحل کے قریب سے ملنے والا ملبہ اسی ایئر ایمبولینس کا ہے جو برمودا سے امریکا کی جانب محو پرواز تھی۔

ایوی ایشن حکام کا کہنا ہے کہ طیارہ ریڈار سے غائب ہونے سے قبل تقریباً 2 منٹ کے دوران 9 ہزار فٹ نیچے آیا، جبکہ حادثے سے قبل پائلٹ نے ہنگامی صورتحال کا اعلان بھی کیا تھا۔

حکام کے مطابق ملبے کے وسیع علاقے میں بکھرنے سے ابتدائی طور پر اندازہ ہوتا ہے کہ طیارہ انتہائی تیز رفتاری سے سمندر سے ٹکرایا۔ حادثے کی مزید وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button