کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے 8 فعال ارکان کا تنظیم سے مستقل لاتعلقی کا اعلان

مظفرآباد(جانوڈاٹ پی کے) آزاد کشمیر حکومت کی جانب سے کالعدم قرار دی گئی جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی (جے اے اے سی) کے 8 فعال ارکان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے تنظیم سے مستقل طور پر لاتعلقی کا اعلان کردیا۔

پریس کلب ہٹیاں بالا میں پریس کانفرنس کے دوران لاتعلقی کا اعلان کرنے والوں میں راجا عبدالقادر، وقار انجم یوسفزئی، وحید کیانی، راجا جلیل، یاسر صدیق کیانی، شاہد حامد عباسی، جمشید کیانی اور راجا نسیم کیانی شامل تھے۔

آٹھوں ارکان نے پاکستان اور افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ کالعدم تنظیموں سے دور رہیں اور کسی بھی اشتعال انگیز سرگرمی کا حصہ نہ بنیں۔

شرکا نے تاجروں اور عوام سے 4 اکتوبر کو جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے دی گئی احتجاج کی کال مسترد کرنے اور احتجاجی سرگرمیوں میں شرکت سے گریز کرنے کی اپیل بھی کی۔

پریس کانفرنس میں ارکان کا کہنا تھا کہ علاقے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے عوام کو کسی بھی ایسی سرگرمی سے گریز کرنا چاہیے جس سے حالات میں کشیدگی پیدا ہو۔

دوسری جانب تجزیہ کاروں کے مطابق جے اے اے سی کے 8 فعال ارکان کی جانب سے لاتعلقی کے اعلان کو تنظیم کے اندر اختلافات اور اس کی آئندہ احتجاجی سرگرمیوں کے حوالے سے اہم پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button