عمرکوٹ میں اسکول کی بوسیدہ دیوار گرنے سے 3 معصوم بچیاں جاں بحق

تھرپارکر (رپورٹ: میندھرو کاجھروی/ جانو ڈاٹ پی کے) عمرکوٹ کے نواحی گاؤں گموری میں ایک دلخراش حادثے کے نتیجے میں سرکاری اسکول کی خستہ حال دیوار گرنے سے تین معصوم بچیاں جاں بحق ہوگئیں، جس کے بعد علاقے میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔
جاں بحق ہونے والی بچیوں میں 13 سالہ صغریٰ دختر ابوبکر، 3 سالہ کنزہ دختر عبدالصمد اور رائیبا دختر فاروق کوری شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق تینوں بچیاں مدرسے سے تعلیم حاصل کرنے کے بعد اپنے گھروں کو واپس جا رہی تھیں کہ راستے میں سرکاری اسکول کی بوسیدہ دیوار اچانک ان پر آگری، جس کے باعث وہ ملبے تلے دب گئیں۔
مقامی افراد نے فوری طور پر امدادی کارروائی کرتے ہوئے بچیوں کو ملبے سے نکال کر سول اسپتال عمرکوٹ منتقل کیا، تاہم ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کر دی۔ قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کر دی گئیں۔
واقعے کے بعد مقامی شہریوں، سماجی رہنماؤں اور اہلِ علاقہ نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ضلع عمرکوٹ اور میرپورخاص ڈویژن کے متعدد سرکاری اسکولوں کی عمارتیں، دیواریں اور چھتیں طویل عرصے سے خستہ حال ہیں، جن کے بارے میں متعلقہ حکام کو بارہا آگاہ کیا گیا، مگر بروقت اقدامات نہیں کیے گئے۔
شہریوں نے وزیراعلیٰ سندھ، چیف سیکریٹری سندھ، سیکریٹری تعلیم اور سیکریٹری ورکس اینڈ سروسز سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کر کے غفلت کے ذمہ دار افسران کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے، جبکہ صوبے بھر میں مخدوش سرکاری اسکولوں کا ہنگامی سروے کر کے فوری مرمت اور بحالی کو یقینی بنایا جائے تاکہ آئندہ ایسے المناک سانحات سے بچا جا سکے۔



