ایران کیلئے برطانوی ایئربیس کی جاسوسی کرنے والا برطانوی شہری گرفتار

قبرص(جانوڈاٹ پی کے)ایک برطانوی شہری کو ایران کیلئے قبرص میں برطانوی فوجی اڈے کی جاسوسی کے شبہے میں گرفتار کرلیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شمالی لندن کے 44 سالہ رشاد سلطانوف پر اکروتری میں آر اے ایف ایئربیس کی جاسوسی کرنے اور پاسدارانِ انقلاب کے ساتھ معلومات کا تبادلہ کرنے کا الزام ہے۔
رشاد سلطانوف جس کے پاس آذربائیجان کی شہریت بھی ہے کو قبرص کی پولیس نے 17 جولائی کو گرفتار کیا تھا اور اب تک زیر حراست ہے۔
کراؤن پراسیکیوشن سروس نے کہا ہے کہ ملزم پر قومی سلامتی ایکٹ کے تحت فرد جرم عائد کی جائے گی۔ مزید برآں پہلی بار 2023 کے قانون کے تحت کسی مبینہ جرم کی بیرون ملک کے علاقے میں تفتیش کی گئی ہے۔
برطانیہ نے اکروتری میں 1950 کی دہائی سے مستقل اڈہ قائم کر رکھا ہے اور حالیہ مہینوں میں وہاں سے ایرانی میزائلوں اور ڈرونز کو مار گرانے کے لیے آر اے ایف کی کارروائیاں شروع کی گئی ہیں۔



