طاقتور سمندری طوفان باوی کی تباہی، فلپائن میں لینڈ سلائیڈنگ سے 15 افراد ہلاک، کئی ممالک کو خطرہ

(ویب ڈیسک) کئی دہائیوں کے طاقتور ترین سمندری طوفانوں میں شمار ہونے والے طوفان باوی نے جنوبی فلپائن میں تباہی مچا دی، لینڈ سلائیڈنگ کے مختلف واقعات میں کم از کم 15 افراد ہلاک ہو گئے۔

رپورٹس کے مطابق تقریباً ایک ہزار کلومیٹر کے علاقے پر بننے والا یہ طاقتور طوفان بحرالکاہل سے گزرتا ہوا تائیوان کی جانب بڑھ رہا ہے، جبکہ مشرقی ایشیا کے کئی ممالک کو بھی اس کے اثرات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان کے باعث تائیوان کے شمالی اور مشرقی علاقوں جبکہ جاپان کے دور دراز جزائر میں شدید بارشوں کا امکان ہے۔ بعد ازاں طوفان کے جنوب مشرقی چین کے ساحلی علاقوں سے ٹکرانے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔

طوفان کے پیش نظر خطے بھر میں درجنوں پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں، متعدد علاقوں میں تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے ہیں، جبکہ شہریوں نے ممکنہ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر خوراک اور دیگر ضروری اشیا ذخیرہ کرنا شروع کر دی ہیں، جس کے باعث کئی سپر مارکیٹس خالی ہو گئی ہیں۔

فلپائن کے جزیرے منڈاناؤ میں رات کے وقت لینڈ سلائیڈنگ کے باعث کئی خاندان ملبے تلے دب گئے، امدادی ٹیمیں لاپتا افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔

حکام کے مطابق فلپائن کے مختلف علاقوں میں آج اور کل بھی درمیانی سے شدید بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث مزید سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ برقرار ہے۔

مزید خبریں

Back to top button