سانحہ کاہنہ کی رپورٹ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو بھجوا دی گئی

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) لاہور کے علاقے کاہنہ میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے سے 14 بچوں کے جاں بحق ہونے کے افسوسناک سانحے کی تحقیقاتی رپورٹ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو بھجوا دی گئی، جس پر باریک بینی سے غور شروع کر دیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق حادثے کی بنیادی وجہ چھت پر ضرورت سے زیادہ ملبہ ڈالنا تھا۔ تحقیقاتی ٹیم نے قرار دیا کہ ٹی آر گارڈر کی چھت پر بچوں کی موجودگی کے دوران مٹی ڈلوانا انتہائی غیر ذمہ دارانہ عمل تھا، جبکہ کمزور ڈھانچہ اضافی بوجھ برداشت نہ کر سکا اور چھت منہدم ہو گئی۔ رپورٹ میں ماہرین کی رائے بھی شامل کی گئی ہے۔
تحقیقات کے مطابق حادثے کے وقت خاتون ٹیچر سمیت 20 بچے چھت کے نیچے موجود تھے۔ ٹیچر مجموعی طور پر 34 بچوں کو ٹیوشن پڑھاتی تھیں، تاہم حادثے کے وقت 20 بچے موجود تھے، جن میں سے 14 جاں بحق جبکہ 6 زخمی ہوئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جاں بحق ہونے والے بچوں کی اموات سر پر شدید چوٹیں لگنے کے باعث ہوئیں۔ ابتدائی تحقیقات میں کسی متعلقہ سرکاری ادارے کے اہلکار کی غفلت سامنے نہیں آئی، جبکہ مقدمہ درج کر کے مکان کے مالک، اس کے بھائی سمیت 5 افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ہدایت کی ہے کہ شہر بھر کے تمام ٹیوشن سینٹرز کو بھی حفاظتی ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا۔



