ٹرمپ کی مقبولیت میں بڑی کمی،64فیصد امریکی صدر کی کارکردگی سے ناخوش،فوکس نیوزسروے

واشنگٹن (جانو ڈاٹ پی کے)امریکا میں وسط مدتی انتخابات سے قبل صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کارکردگی پر عوامی عدم اطمینان بڑھنے کا انکشاف ہوا ہے۔ فوکس نیوز کے سروے کے مطابق 64 فیصد امریکیوں نے صدر ٹرمپ کی مجموعی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا، جبکہ صرف 36 فیصد افراد نے ان کی کارکردگی کو تسلی بخش قرار دیا۔

سروے میں مہنگائی پر قابو پانے کے معاملے میں بھی صدر ٹرمپ کو عوامی حمایت حاصل نہیں ہوسکی۔ نتائج کے مطابق 55 فیصد امریکیوں نے مہنگائی کم کرنے سے متعلق ان کے دعوے کو مسترد کیا، جبکہ 77 فیصد شرکا نے مہنگائی کے خلاف ان کی کارکردگی پر ناراضی ظاہر کی۔امریکی معیشت کی صورتحال بھی شہریوں کی تشویش کا اہم سبب سامنے آئی۔ سروے میں شامل 74 فیصد افراد نے معاشی حالات پر شدید پریشانی کا اظہار کیا، جبکہ 53 فیصد نے خدشہ ظاہر کیا کہ مستقبل میں امریکی معیشت مزید خراب ہوسکتی ہے۔سروے کے مطابق 66 فیصد امریکی ملک کی مجموعی سمت سے بھی مطمئن نہیں۔ فوکس نیوز کا کہنا ہے کہ یہ اعداد و شمار صدر ٹرمپ کے دونوں صدارتی ادوار میں ان کی مقبولیت کی کم ترین سطح کی عکاسی کرتے ہیں۔یہ نتائج ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب امریکا میں وسط مدتی انتخابات قریب آرہے ہیں اور مہنگائی، معاشی حالات اور حکومتی کارکردگی عوامی بحث کے اہم موضوعات بنے ہوئے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button