سینیٹ میں سوال کرنےوالے ارکان غائب،تمام سوالات مؤخر

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)سینیٹ اجلاس میں ارکان کی عدم حاضری، سوالات مؤخر، کارروائی مکمل کیے بغیر اجلاس 19 اکتوبر تک ملتوی۔سینیٹ کے اجلاس میں ارکان کی کم حاضری کے باعث معمول کی کارروائی بھی مکمل نہ ہو سکی، جبکہ سوالات پوچھنے والے زیادہ تر ارکان ایوان میں موجود نہیں تھے۔ پریزائیڈنگ افسر شہادت اعوان نے ارکان کی عدم موجودگی پر تمام زیرِ التوا سوالات مؤخر کر دیے۔

اجلاس کے دوران سینیٹر سید وقار مہدی سوال پوچھنے والے واحد رکن کے طور پر موجود تھے۔ اس موقع پر سینیٹر محسن عزیز نے تبصرہ کیا کہ ایوان میں سوال کرنے والے ہی موجود نہیں ہیں۔

دورانِ اجلاس سینیٹر سعدیہ عباسی نے نشاندہی کی کہ اسلام آباد میں آج اخبارات تقسیم نہیں ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ سی ڈی اے نے ان دفاتر پر چھاپے مارے اور انہیں سیل کر دیا جہاں سے اخبارات کی ترسیل کی جاتی تھی۔ انہوں نے اس اقدام کو سنگین قرار دیتے ہوئے وزارتِ داخلہ سے جواب طلب کرنے کا مطالبہ کیا۔

بعدازاں ارکان کی عدم دلچسپی اور کم حاضری کے باعث سینیٹ کا اجلاس 19 اکتوبر، بروز پیر، شام 4 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔

مزید خبریں

Back to top button