پی ٹی آئی دہشتگردی کی حمایت نہیں کرتی،اس جنگ میں فوج کے ساتھ ہیں،شوکت یوسفزئی

پشاور (جانو ڈاٹ پی کے)پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے سیکریٹری اطلاعات اور سابق صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ ان کی جماعت نے ہمیشہ دہشت گردی کی مذمت کی ہے اور اس کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شوکت یوسفزئی نے الزام عائد کیا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اقدامات کرنے کے بجائے تحریک انصاف کے خلاف کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ حکومت کا مقصد دہشت گردی کا خاتمہ ہے یا تحریک انصاف کو ختم کرنا؟
پی ٹی آئی رہنما نے دعویٰ کیا کہ پارٹی کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے اور اس دوران چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا جا رہا ہے۔
شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ ماضی میں بھی مذاکرات ہو چکے ہیں اور تحریک انصاف نے ہمیشہ دہشت گردی کی مخالفت کی ہے۔ ان کے مطابق دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج کی حمایت کرنا ان کی جماعت کا مؤقف ہے۔
پولیس کے لیے فنڈز مختص نہ کیے جانے کے الزامات پر بات کرتے ہوئے سابق صوبائی وزیر نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے اپنے بجٹ کا 2 فیصد پولیس پر خرچ کیا۔



