ثالث کارامریکا ایران معاہدے کو حتمی شکل دینے کیلئے کافی قریب پہنچ چکے ہیں:ٹرمپ

واشنگٹن(جانوڈاٹ پی کے)امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ثالث کار امریکا اور ایران میں معاہدے کو حتمی شکل دینے کےلیے قریب پہنچ گئے ہیں۔
سی بی ایس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے امریکی صدر نے معاہدے سے متعلق تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔
تاہم ان کا کہنا تھا کہ ہر روز بات چیت کا عمل بہتر سے بہتر ہو رہا ہے۔ میں ان کو بتانے سے پہلے آپ کو نہیں بتا سکتا۔
امریکی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ تازہ تجاویز میں ہرمز کو کھولنا، بعض ایرانی اثاثے بحال کرنا اور مذاکرات جاری رکھنا شامل ہے۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ معاہدے پر اس وقت دستخط کروں گا جب وہ سب کچھ حاصل ہوگا جو ہم چاہتے ہیں۔ حتمی معاہدہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روک دے گا۔
اس سے قبل امریکی نیوز ویب سائٹ ایگزیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ ایران سے جنگ کے حوالے سے اتوار تک فیصلہ کرسکتے ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران سے یا تو اچھی ڈیل کریں گے یا اس کو تباہ کردیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ وہ اس حوالے سے ہفتے کو اپنے مشیروں سے ملاقات بھی کریں گے جس میں اسٹیو وٹکوف، جیرڈ کشنر اور نائب صدر جے ڈی وینس کی شرکت بھی متوقع ہے۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ کچھ لوگ ڈیل کرنا پسند کریں گے اور کچھ لوگ جنگ کو دوبارہ شروع کرنا پسند کریں گے۔



