ٹرمپ کا روس اور یوکرین کے درمیان 3 روزہ جنگ بندی کا اعلان

واشنگٹن(جانوڈاٹ پی کے)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس اور یوکرین کے درمیان 3 روزہ جنگ بندی کا اعلان کر دیا۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ 9، 10 اور 11 مئی کو مکمل سیز فائر رہے گا اور جنگ بندی میں تمام عسکری کارروائیاں معطل رہیں گی جب کہ روس اور یوکرین ایک، ایک ہزار قیدیوں کا تبادلہ کریں گے۔

امریکی صدر نے بتایا کہ جنگ بندی کی درخواست براہ راست میں نے کی جس پر پیوٹن اور زیلنسکی نے اتفاق کیا امید ہے یہ طویل اور خونریز جنگ کے خاتمے کی ابتدا ہو گی۔

ان کا کہنا تھا کہ روس یوکرین تنازع کے خاتمے کیلئے مذاکرات جاری ہیں یہ دوسری جنگ عظیم کے بعد سب سے بڑا تنازع ہے۔

اس سے قبل صدر پیوٹن نے 8 اور 9 مئی کو باضابطہ طور پر جنگ بندی کا اعلان کیا۔ عارضی جنگ بندی کا اعلان جنگ عظیم دوم میں جرمنی کی شکست کی سالگرہ پر کیا گیا ہے۔

ولادیمیر پیوٹن نے یوکرین کو وکٹری ڈے کے موقع پر جنگ بندی کی پیشکش کی تھی جس پر ڈونلڈ ٹرمپ نے خیر مقدم کیا تھا تاہم یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے مطالبہ کیا کہ ٹرمپ اس مجوزہ جنگ بندی کی تفصیلات واضح کر دیں۔

یاد رہے کہ پیوٹن نے گزشتہ سال بھی 9 مئی کو نازی جرمنی کی شکست کی یاد میں تین روزہ جنگ بندی کا اعلان کیا تھا، تاہم یوکرین نے اس سے اتفاق نہیں کیا تھا۔ زیلنسکی نے کہا کہ یوکرین طویل المدتی جنگ بندی کا حامی ہے، نہ کہ ایسی عارضی جنگ بندی کا جو ماسکو میں ایک پریڈ کے لیے چند گھنٹوں کا تحفظ فراہم کرے۔

مزید خبریں

Back to top button