ایران سے ڈیل نہ ہونے کی صورت میں جنگ یقینی ہے،ٹرمپ

واشنگٹن(جانوڈاٹ پی کے)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح کیا ہے کہ ایران کے ساتھ ڈیل نہ ہوئی تو سیز فائر میں مزید توسیع کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں، معاہدہ نہ ہونے کی صورت میں جنگ یقینی ہے۔
صدر ٹرمپ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ سیز فائر بدھ کی شام ختم ہو جائے گا۔
ٹرمپ نے کہا کہ ڈیل نہ ہوئی تو سیز فائر میں مزید توسیع کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ کوئی جلدی نہیں کہ برا معاہدہ کرلوں، کسی جلد بازی کا شکار نہیں ہوں گے، ہمارے پاس وقت کی کوئی کمی نہیں۔
صحافی نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے سوال کیا کہ معاہدہ نہ ہوا تو فوری لڑائی شروع ہو سکتی ہے؟ جس پر امریکی صدر نے جواب دیا کہ ڈیل نہ ہونے کی صورت میں جنگ یقینی ہے۔
ٹرمپ سے پھر سوال ہوا کہ اگر جنگ بندی کی مدت ختم ہو جاتی ہے تو کیا ہوگا؟ ٹرمپ نے جواب دیا کہ تو پھر بہت سارے بم پھٹنا شروع ہو جائیں گے۔
صحافی نے امریکی صدر سے ایک اور سوال کیا کہ کیا ایران اب بھی ان مذاکرات میں حصہ لے رہا ہے؟
جس پر ٹرمپ نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ایران کو مذاکرات میں وہاں ہونا چاہیے، ہم نے وہاں ہونے پر اتفاق کیا تھا، حالانکہ وہ کہتے ہیں کہ ہم نے نہیں کیا لیکن نہیں، یہ طے پایا تھا۔
ٹرمپ نے کہا کہ ہم دیکھیں گے کہ وہ وہاں ہوتے ہیں یا نہیں، اگر وہ وہاں نہیں ہوتے، تو وہ بھی ٹھیک ہے۔
صحافی نے امریکی صدر سے سوال کیا کہ آپ اسلام آباد میں مذاکراتی ٹیم سے کیا چاہتے ہیں؟جس پر ٹرمپ نے جواب دیا کہ بہت سادہ سی بات ہے۔ ایران کے پاس جوہری ہتھیار نہیں ہو سکتے۔ ایران کے پاس ایٹمی ہتھیار نہیں ہونے چاہییں ہم اس کے سوا کسی چیز پر بات نہیں کر رہے۔
امریکی صدر نے کہا کہ میں نے مذاکرات کے لیے اپنی اے ٹیم بھیجی اور اس سے بہترین کام کیا ہے، ایران تنازع ختم ہو تو تیل کی قیمتیں تیزی سے نیچی آئیں گی، اگر ایران وہ کرتا ہے جو اسے کرنا چاہیے، تو تیل قیمتیں بہت تیزی سے نیچے آئیں گی۔
اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی اخبار نیویارک پوسٹ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ امریکی نائب صدرجے ڈی وینس کی قیادت میں وفد چند گھنٹوں میں پاکستان پہنچ جائے گا۔
ٹرمپ نے مزید کہا اگر مذاکرات میں بریک تھرو ہوتا ہے وہ ایرانی قیادت سے ملنے کے لیے تیار ہوں گے۔
ٹرمپ نے کہا کہ نائب صدر جے ڈی وینس، نمائندہ خصوصی اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر پاکستانی وقت کے مطابق آج رات اسلام آباد پہنچ جائیں گے۔
امریکی صدر نے کہا کہ ایرانی قیادت مجھ سے ملاقات کرنا چاہتی ہے تو مجھے کوئی مسئلہ نہیں، ہم ایران میں صحیح لوگوں سے ڈیل کررہے ہیں۔



