ٹنڈو آدم کے قریب مال بردار ٹرین حادثہ، ریلوے ٹریک کی بحالی کا کام جاری، تمام اپ اور ڈاؤن ٹرینیں منسوخ

حیدرآباد(جانوڈاٹ پی کے) ٹنڈو آدم کے قریب مال بردار ٹرین کو پیش آنے والے حادثے کے بعد متاثرہ ریلوے ٹریک کی بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر مرمتی کام شروع کر دیا گیا ہے، جبکہ اپ اور ڈاؤن دونوں اطراف کی ٹرین سروس عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے۔
ریلوے ذرائع کے مطابق حادثے کے نتیجے میں اپ اور ڈاؤن دونوں ریلوے ٹریک متاثر ہوئے، جس کے باعث ٹرینوں کی آمدورفت مکمل طور پر بند ہو گئی ہے۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال کے پیش نظر مختلف ریلوے اسٹیشنوں پر موجود متعدد مسافر ٹرینیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ کراچی سے لاہور جانے والی قراقرم ایکسپریس کے مسافروں کو ٹکٹوں کی مکمل رقم واپس کی جا رہی ہے، جبکہ کوٹری اسٹیشن پر موجود علامہ اقبال ایکسپریس کے مسافروں کو بھی مکمل ریفنڈ دیا جائے گا۔
ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ آفس، پاکستان ریلوے کراچی نے کراچی سے روانہ ہونے والی دیگر تمام ٹرینیں بھی منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ تمام متاثرہ مسافروں کو ان کے ٹکٹوں کی مکمل رقم واپس کی جا رہی ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق متاثرہ ٹریک کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے، تاہم دونوں لائنوں کی مکمل بحالی میں کچھ وقت لگ سکتا ہے۔ مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ سفر پر روانہ ہونے سے پہلے اپنی ٹرین کی تازہ صورتحال ضرور معلوم کریں تاکہ کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے۔



