پاکستان کا تجارتی خسارہ تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا، 11 ماہ میں 34.75 ارب ڈالر ریکارڈ


اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان کا تجارتی خسارہ رواں مالی سال کے پہلے 11 ماہ کے دوران تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا، جہاں خسارہ 34 ارب 75 کروڑ ڈالر ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ادارہ شماریات کے مطابق جولائی سے مئی تک برآمدات 27 ارب 90 کروڑ ڈالر سے زائد رہیں، جبکہ اسی عرصے میں درآمدات 62 ارب 66 کروڑ ڈالر سے تجاوز کر گئیں، جس کے باعث تجارتی توازن میں نمایاں فرق سامنے آیا۔
اعداد و شمار کے مطابق 11 ماہ کے دوران برآمدات میں 5.61 فیصد کمی جبکہ درآمدات میں 5.94 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں درآمدات 59 ارب 14 کروڑ ڈالر سے زائد تھیں۔
ماہانہ بنیادوں پر مئی میں اپریل کے مقابلے میں برآمدات میں 9.59 فیصد اضافہ دیکھا گیا، جبکہ درآمدات میں 21.55 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جو ایک مثبت اشارہ قرار دیا جا رہا ہے۔
مزید اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال مئی میں گزشتہ سال کے اسی ماہ کے مقابلے میں برآمدات میں 1.26 فیصد اضافہ جبکہ درآمدات میں 6.63 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، تاہم مجموعی تجارتی خسارہ اب بھی معیشت کے لیے ایک بڑا چیلنج بنا ہوا ہے۔