ٹھٹھہ کے جنگلات پر ٹمبر مافیا کا راج، درختوں کی بے دریغ کٹائی جاری، اربوں روپے کا کاروبار بے لگام

ٹھٹھہ (جاوید لطیف میمن / جانو ڈاٹ پی کے) ضلع ٹھٹھہ میں میڈیا کی بارہا نشاندہی اور رپورٹس کے باوجود جنگلات سے درختوں کی غیر قانونی کٹائی کا سلسلہ تاحال نہ رک سکا، جس کے باعث ضلع کے قیمتی جنگلات تیزی سے ختم ہونے لگے ہیں۔

ذرائع کے مطابق ضلع ٹھٹھہ کے ویران جنگل سمیت مختلف جنگلات میں روزانہ کی بنیاد پر درجنوں درخت کاٹے جا رہے ہیں، جبکہ لکڑی سے لدے ہوئے متعدد ٹرک دن رات کراچی کی جانب روانہ کیے جاتے ہیں۔

مقامی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ اس غیر قانونی سرگرمی میں نہ صرف محکمہ جنگلات کے بعض افسران اور اہلکار ملوث ہیں بلکہ بااثر شخصیات اور ٹمبر مافیا بھی مبینہ طور پر سرکاری سرپرستی میں جنگلات کی کٹائی میں شامل ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ بارہا میڈیا پر خبریں نشر ہونے اور متعلقہ اداروں کی توجہ دلانے کے باوجود ضلعی انتظامیہ، محکمہ جنگلات، محکمہ موسمیاتی تبدیلی و ماحولیات اور سندھ حکومت کی جانب سے مؤثر کارروائی سامنے نہیں آئی، جس کے باعث جنگلات کا رقبہ تیزی سے کم ہو رہا ہے۔

علاقہ مکینوں اور سماجی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ جنگلات کی غیر قانونی کٹائی میں ملوث عناصر کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کی جائے، جنگلات کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور اس قومی اثاثے کو تباہ ہونے سے بچایا جائے۔

مزید خبریں

Back to top button