چھچھ میرانخور جھیل پر ایک بار پھر بااثر افراد کی جانب سے مبینہ طور پر قبضہ بھاری مشینری کا استعمال مقامی لوگوں کا الزام

ٹھٹھہ (جاوید لطیف میمن\جانوڈاٹ پی کے)میرپور ساکرو کے قریب واقع چھچھ میرانخور جھیل پر ایک بار پھر بااثر افراد کی جانب سے مبینہ طور پر قبضہ کرکے بھاری مشینری کے ذریعے جھیل کو بند کرنے کا کام شروع کر دیا گیا ہے، جبکہ ماہی گیروں کو بھی جھیل چھوڑنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ اس صورتحال کے خلاف متاثرہ دیہاتیوں نے احتجاج کرتے ہوئے انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔
اس سلسلے میں میرپور ساکرو کے قریب چھچھ میرانخور جھیل کے کنارے واقع گاؤں محمد قاسم منچھرو ملاح کے متعدد رہائشیوں نے اپنے معصوم بچوں کے ہمراہ جھیل کے کنارے ماہی گیر مزدور شفیع محمد منچھرو ملاح کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔
مظاہرین نے کہا کہ ان کی روزی روٹی کا واحد ذریعہ یہی چھچھ میرانخور جھیل ہے، جہاں سے مچھلی پکڑ کر وہ اپنے اہل خانہ کا پیٹ پالتے ہیں۔ تاہم کچھ عرصے سے علاقے کے رہائشی مجید ملکاںی اور ممتاز ملکاںی نے اپنے ساتھیوں کی مدد سے ان کی زندگی اجیرن بنا دی ہے اور سرکاری جھیل کی زمین پر بااثر افراد کو قبضہ کرا دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قبضہ گیر بھاری مشینری کے ذریعے غیر قانونی طور پر جھیل کی سرکاری زمین پر بند تعمیر کر رہے ہیں اور انہیں ان کے گھروں اور ماہی گیری کے مقامات سے بے دخل کرکے گاؤں کی زمین پر بھی قبضہ کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں اور مسلح افراد کے ذریعے ہراساں کیا جا رہا ہے۔
شفیع محمد منچھرو ملاح نے کہا کہ ان کے آباؤ اجداد کئی نسلوں سے اس گاؤں میں آباد ہیں، وہ کسی صورت اپنے گھر، ماہی گیری کے اڈے اور روزگار کے ذرائع نہیں چھوڑیں گے اور نہ ہی کسی کو ان پر قبضہ کرنے دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بااثر افراد ان کے کئی کچے مکانات بھی مسمار کر چکے ہیں، لیکن اب تک ضلعی انتظامیہ، منتخب نمائندوں اور پولیس نے کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ مذکورہ بااثر افراد پہلے بھی مختلف لوگوں کو گاؤں کے قریب زمینیں فروخت کر چکے ہیں، جہاں پولٹری فارمز قائم کیے گئے ہیں، جس سے علاقے میں آلودگی میں اضافہ ہوا ہے۔ اب جھیل کی زمین پر بھی قبضہ کرکے بند تعمیر کیے جا رہے ہیں، جس سے ان کا روزگار مکمل طور پر ختم ہونے کا خدشہ ہے۔
مظاہرین نے ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ، محکمہ فشریز کے حکام، منتخب نمائندوں اور سیشن جج ٹھٹھہ سے اپیل کی کہ قدیمی چھچھ میرانخور جھیل پر زبردستی قبضہ کرکے بھاری مشینری کے ذریعے بند تعمیر کرنے اور مقامی ماہی گیروں کو بے دخل کرنے کی کوشش کرنے والے بااثر افراد کے خلاف فوری کارروائی کی جائے، انہیں ان زیادتیوں سے نجات دلائی جائے، ان کے گھروں اور سرکاری جھیل کی زمین کو قبضہ مافیا سے واگزار کرایا جائے اور متاثرین کو تحفظ فراہم کیا جائے، بصورت دیگر وہ سخت احتجاج کرنے کے ساتھ انصاف کے حصول کے لیے عدالت سے بھی رجوع کریں گے۔



