تھرپارکر میں خودکشی کے واقعات نہ تھم سکے، ایک دن میں2افسوسناک واقعات

تھرپارکر (میندھرو کاجھروی/جانوڈاٹ پی کے)ضلع تھرپارکر میں خودکشی کے واقعات پر قابو نہ پایا جا سکا، جبکہ سرکاری ضابطہ اخلاق، شکایتی مراکز اور این جی اوز بھی مکمل طور پر ناکام دکھائی دے رہے ہیں۔ گزشتہ ایک روز کے دوران خودکشی کے دو واقعات پیش آئے۔ مٹھی شہر کے کولہی پاڑے میں 50 سالہ ڈامون کولہی نے خودکشی کی کوشش کی، تاہم ورثا نے بروقت دیکھ لیا اور انہیں سول اسپتال مٹھی منتقل کر دیا۔ خودکشی کی وجہ معلوم نہ ہو سکی، پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ دوسرا واقعہ اسلام کوٹ کے قریب گاؤں چوننالس میں پیش آیا، جہاں 20 سالہ مسمات حسینہ زوجہ ساجن لنڈ نے اپنے گھر میں گلے میں رسی ڈال کر پھندا لے لیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی، لاش کو تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ضروری قانونی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی۔ خودکشی کی وجہ معلوم نہ ہو سکی۔



