"سندھ کے سلگتے مسائل حل کرو” ڈیپلو میں عوامی تحریک کا احتجاجی بھوک ہڑتال کیمپ، انقلابی نغمے اور فلک شگاف نعرے

تھرپارکر (رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) سندھ کو درپیش عوامی مسائل کے حل کے مطالبے کے لیے عوامی تحریک تعلقہ ڈیپلو کے زیرِ اہتمام بدین اسٹاپ، ڈیپلو میں احتجاجی بھوک ہڑتال کیمپ قائم کیا گیا، جہاں کارکنوں، سیاسی و سماجی شخصیات اور شہریوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر مقررین نے خطاب کیا جبکہ انقلابی نغموں اور فلک شگاف نعروں کے ذریعے سندھ کے عوامی مسائل اجاگر کیے گئے۔احتجاجی کیمپ میں سندھ میں پانی کی مبینہ مصنوعی قلت، 28ویں ترمیم سے متعلق خدشات، خواتین کے قتل، بدامنی، کاروکاری، معصوم بچوں کے ساتھ جنسی تشدد اور قتل کے واقعات، اغوا، مبینہ پولیس گردی، مصنوعی لوڈشیڈنگ، مہنگائی، پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں، چوری کی وارداتوں اور ڈیپلو شہر کو درپیش بنیادی شہری مسائل کے خلاف شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔احتجاج کی قیادت عوامی تحریک کے رہنما محمد عمر بجیر، فاروق مریدانی اور ایڈووکیٹ پرمانند راٹھوڑ نے کی۔ مقررین کا کہنا تھا کہ سندھ کے عوام بنیادی سہولیات اور آئینی حقوق سے محروم ہیں، جبکہ پانی، امن و امان، مہنگائی اور دیگر سنگین مسائل نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مشکلات کے مستقل حل کے لیے حکومت کو فوری اور مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے۔ رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ سندھ کے عوام کے بنیادی مسائل فوری طور پر حل کیے جائیں، ڈیپلو شہر میں بنیادی شہری سہولیات بہتر بنائی جائیں، امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنایا جائے، لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے، مہنگائی پر قابو پایا جائے اور عوام کے جان و مال کا مکمل تحفظ فراہم کیا جائے۔ اس موقع پر عوامی تحریک کی جانب سے اساتذہ، وکلا، صحافیوں، ادیبوں، شاعروں، سماجی کارکنوں اور سندھ کے مسائل پر آواز اٹھانے والے تمام شہریوں سے اپیل کی گئی کہ وہ عوامی حقوق کے تحفظ اور سندھ کے مسائل کے حل کے لیے جاری پرامن جدوجہد میں بھرپور شرکت کریں۔ مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی حقوق کے حصول تک احتجاج اور جمہوری جدوجہد جاری رہے گی۔



