تھرپارکر میں جشنِ آزادی کی تیاریاں، 14 اگست قومی جوش و جذبے سے منانے کا فیصلہ

تھرپارکر(رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جاگیرانی کی زیرِ صدارت مٹھی میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں جشنِ آزادی کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ 14 اگست کو آزادی کے ہیروز کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ جشنِ آزادی کی تقریبات کا آغاز مساجد میں ملک کی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے خصوصی دعاؤں سے ہوگا، جبکہ مرکزی تقریب صادق فقیر چوک مٹھی میں قومی پرچم کشائی اور قومی ترانے کے ساتھ منعقد کی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ سرکاری عمارتوں کو چراغاں اور قومی پرچموں سے سجایا جائے، شہروں میں صفائی کے انتظامات بہتر بنائے جائیں اور اسکولوں میں مختلف تقریبات، تقریری اور دیگر مقابلے منعقد کرائے جائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے ٹریفک کی بلا رکاوٹ روانی، بجلی کی بلا تعطل فراہمی اور اسپتالوں میں آنے والے مریضوں سمیت دیگر افراد میں مٹھائیاں تقسیم کرنے کے انتظامات یقینی بنانے کی بھی ہدایات جاری کیں۔انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں جشنِ آزادی کی تقریبات بھرپور انداز میں منعقد کی جائیں۔ اجلاس میں متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔



