تھرپارکر میں عالمی حفاظتی ٹیکہ ہفتہ24سے30اپریل تک منانے کا اعلان

تھرپارکر(میندھرو کاجھروی/جانوڈاٹ پی کے)ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر لیکھراج سارنگانی کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر تھرپارکر ڈاکٹر بھرت کمار سونی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق محکمہ صحت کے زیر انتظام 24 اپریل سے 30 اپریل 2026 تک “بیماریوں سے بچاؤ کے لیے حفاظتی ٹیکہ جات کے ذریعے زندگیاں بچانا انسانی طور پر ممکن ہے” کے عنوان سے عالمی ہفتہ منایا جائے گا۔ اعلامیے کے مطابق عالمی ہفتے کے دوران ضلع تھرپارکر میں بچوں کو 12 مختلف متعدی بیماریوں سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے، جبکہ حاملہ خواتین کو بھی ضروری حفاظتی ٹیکے فراہم کیے جائیں گے۔ ڈاکٹر بھرت کمار سونی نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت کی جانب سے ہر سال یہ ہفتہ منایا جاتا ہے جس کا مقصد بچوں کو خطرناک بیماریوں سے محفوظ رکھنا، ان کی صحت بہتر بنانا اور ان کا مستقبل محفوظ بنانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ صحت کی جانب سے ضلع بھر کی تمام سرکاری اسپتالوں، بنیادی صحت مراکز اور دیہی صحت مراکز میں حفاظتی ٹیکہ جات کے مراکز قائم کیے گئے ہیں، جہاں والدین اپنے بچوں کو لے جا کر مفت حفاظتی ٹیکے لگوا سکتے ہیں۔



