تھرپارکر کے بچوں کیلئے بڑی خوشخبری،دل کے امراض کے علاج کیلئے خصوصی یونٹ قائم کرنے میں پیشرفت

تھرپارکر(رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) تھرپارکر کے غریب اور نادار بچوں کو دل سمیت دیگر پیچیدہ بیماریوں کے بہتر علاج کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ کو بھیجی گئی درخواست پر وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے سی ایم ڈائریکٹو جاری کرتے ہوئے محکمہ صحت کے سیکریٹری کو ضروری کارروائی کے لیے خط جاری کر دیا گیا ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق چند روز قبل درخواست گزار کا پوتا اور بھانجا بیماری کے باعث سول اسپتال میں زیر علاج تھے، جہاں بچوں کے ماہر ڈاکٹر ساجن داس سے ملاقات کے دوران تھرپارکر میں بچوں کے لیے مزید معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے پر مشاورت کی گئی۔ اس موقع پر ڈاکٹر ساجن داس نے تجویز دی کہ تھرپارکر میں بچوں کے دل اور دیگر بیماریوں کے علاج کے لیے “ایس آئی سی ایچ این” طرز کا خصوصی یونٹ قائم کرنے کے لیے وزیراعلیٰ سندھ کو درخواست بھیجی جائے تاکہ غریب عوام کراچی کے چکروں سے بچ سکیں۔
درخواست گزار کے مطابق انہوں نے اللہ تعالیٰ پر بھروسہ کرتے ہوئے دوستوں اور شہریوں سے دستخط کرا کے درخواست وزیراعلیٰ سندھ کو ارسال کی، جس پر اب سی ایم ڈائریکٹو کے تحت محکمہ صحت کی جانب سے باقاعدہ لیٹر جاری کر دیا گیا ہے۔
شہریوں اور سماجی حلقوں نے اس پیش رفت کو تھرپارکر کے بچوں کے لیے بڑی خوشخبری قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ عید کے بعد اس فلاحی اور انسانی ہمدردی کے منصوبے پر عملی کام شروع ہو جائے گا، جس سے تھرپارکر کے ہزاروں غریب خاندان مستفید ہوں گے۔



