ٹھٹھہ میں11ہزار وولٹ کی تار پھر زمین پر،بڑا سانحہ ٹل گیا

ٹھٹھہ (جانو ڈاٹ پی کے)11ہزار وولٹ کی بجلی کی تار ایک بار پھر زمین پر آگری، گاؤں حاجی عیسیٰ پنہور میں خوف و ہراس پھیل گیا، خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

103 موڑی کے قریب گاؤں حاجی عیسیٰ پنہور میں بجلی کی خطرناک تار گرنے کے واقعے نے علاقہ مکینوں کو شدید خوف میں مبتلا کردیا۔ گزشتہ روز تقریباً 4 بجے 11 ہزار وولٹ کی تار اچانک زمین پر آگری، جس کے باعث کسی بڑے حادثے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔

علاقہ مکینوں کے مطابق بجلی کی پرانی اور خستہ حال تاریں بار بار گر رہی ہیں، مگر متعلقہ حکام کی جانب سے مستقل اور مؤثر اقدامات نہیں کیے جا رہے۔

گاؤں والوں کا کہنا ہے کہ چند ہفتے قبل اسی علاقے کے قریب بجلی کی تاروں سے ٹریکٹر ٹرالی ٹکرانے کے المناک حادثے میں 6 افراد جاں بحق اور 30 زخمی ہوئے تھے۔ اس کے باوجود بجلی کی لائنوں کی حفاظت کے لیے مطلوبہ اقدامات نہ ہونا تشویش ناک ہے۔

گاؤں کے رہائشی حاجی مبارک پنہور نے مطالبہ کیا کہ واپڈا حکام فوری طور پر خطرناک بجلی کی لائنوں کا معائنہ کرائیں، خستہ حال تاریں تبدیل کی جائیں اور ممکنہ بڑے حادثے سے بچنے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں۔

علاقہ مکینوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر بجلی کی خطرناک لائنوں کو فوری طور پر محفوظ نہ بنایا گیا تو کسی بھی وقت بڑا سانحہ پیش آ سکتا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button