تیزگام ایکسپریس حیدرآباد کے قریب حادثے کا شکار، بوگی پٹڑی سے اتر گئی، ٹرینوں کی آمدورفت معطل


حیدرآباد(جانوڈاٹ پی کے) کراچی سے راولپنڈی جانے والی تیزگام ایکسپریس حیدرآباد کے علاقے حسین آباد کے قریب حادثے کا شکار ہوگئی، جہاں ٹرین کی 13ویں بوگی پٹڑی سے اتر گئی۔
ریلوے حکام کے مطابق حادثے کے فوراً بعد ریسکیو اور بحالی کا عمل شروع کر دیا گیا، جبکہ متاثرہ بوگی کو دوبارہ پٹڑی پر چڑھانے کے لیے امدادی ٹیمیں مصروف عمل ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ بوگی کے ڈی ریل ہونے سے مین ریلوے ٹریک کا ایک حصہ متاثر ہوا، جس کے باعث اپ ٹریک پر ٹرینوں کی آمدورفت عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے۔
حادثے کے نتیجے میں کوٹری سے حیدرآباد جانے والی ٹرینوں کی نقل و حرکت بھی روک دی گئی ہے، جبکہ ریلوے انتظامیہ متبادل انتظامات اور ٹریک کی بحالی پر کام کر رہی ہے۔
ریلوے ذرائع کے مطابق متاثرہ ٹریک کی مکمل بحالی میں چند گھنٹے لگ سکتے ہیں، تاہم کام تیزی سے جاری ہے تاکہ ریلوے ٹریفک کو جلد از جلد معمول پر لایا جا سکے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے میں کسی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔