ٹیکساس میں 30 گھنٹے جاری رہنے والے آپریشن کے بعد فائرنگ کا مفرور ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک


ٹیکساس(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر مڈلینڈ میں ایک شخص کو قتل اور کم از کم 10 افراد کو زخمی کرنے والا مفرور ملزم طویل پولیس آپریشن کے بعد فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہو گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق تقریباً 30 گھنٹے جاری رہنے والے آپریشن کے دوران ملزم نے پولیس پر فائرنگ کے بعد خود کو ایک خالی عمارت میں محصور کر لیا تھا۔ ٹیکساس ڈیپارٹمنٹ آف پبلک سیفٹی کے مطابق 45 سالہ میٹا ویلا ریئل سے فائرنگ کے تبادلے کے بعد وہ مردہ حالت میں پایا گیا۔
حکام کے مطابق واقعے میں کم از کم 9 زخمیوں کو مڈلینڈ میموریل اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ ایک زخمی کو دوسرے اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ اس واقعے میں ایک شخص کی ہلاکت کی بھی اطلاع ہے۔ بتایا گیا ہے کہ مارا جانے والا ملزم ایک پولیس اہلکار کے قتل کی کوشش کے مقدمے میں مطلوب تھا۔