اسرائیلی ریلی پرحملہ کرنیوالے مسلم پناہ گزین نےعدالت میں جرم قبول کرلیا، عمر قید کی سزا کا امکان

نیویارک(جانوڈاٹ پی کے)امریکا کی ریاست کولاراڈو میں اسرائیلی یرغمالیوں کے حق میں ہونے والی ریلی پر آتش گیر مادے سے حملہ کرنے والے ملزم نے عدالت میں اپنا جرم قبول کر لیا۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 46 سالہ مصری شہری محمد صابری سلیمان نے ریاستی عدالت میں اپنے خلاف عائد تمام الزامات قبول کرلیے۔
ملزم پر الزام تھا کہ اُس نے گزشتہ برس اسرائیل کے حامی مظاہرین کے اجتماع پر پیٹرول بم پھینکے تھے جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ درجن سے زئد افراد زخمی ہو گئے تھے۔
استغاثہ کے مطابق حملہ اُس وقت کیا گیا جب مظاہرین اسرائیلی یرغمالیوں کی حمایت میں ریلی نکال رہے تھے۔ آتش گیر مادہ پھینکنے سے آگ بھڑک اٹھی اور متعدد افراد جھلس کر زخمی ہوگئے۔
عدالتی دستاویزات کے مطابق ملزم پر درجنوں سنگین فوجداری دفعات کے تحت مقدمات قائم کیے گئے تھے جن میں فرسٹ ڈگری قتل کی دو الگ شقیں بھی شامل ہیں۔
امریکی حکام نے اس حملے کو دہشت گردی قرار دیا تھا اور ان الزامات میں سزا کی صورت میں بغیر پیرول عمر قید ہوسکتی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ محمد صابری سلیمان ایک مصری شہری ہے جو اپنے خاندان کے ساتھ غیر قانونی طور پر امریکا میں مقیم تھا۔



