ٹرانسپورٹرزکی من مانی،مسافروں کااحتجاج،کرایوں میں کمی نہ ہونے پر سخت کارروائی کا مطالبہ

تھرپارکر(رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) مسافروں اور مزدوروں نے ٹرانسپورٹرز کی مبینہ من مانی اور بڑھائے گئے کرایوں کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

مسافروں کے مطابق جب پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ ہوتا ہے تو ٹرانسپورٹرز فوراً کرایے بڑھا دیتے ہیں، لیکن جب ایندھن کی قیمتوں میں کمی آتی ہے تو کرایوں میں کوئی کمی نہیں کی جاتی۔ ان کا کہنا ہے کہ جب ڈیزل کی قیمت 520 روپے فی لیٹر تھی تو کراچی سے مٹھی کا کرایہ 1600 روپے وصول کیا جاتا تھا، مگر اب تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باوجود اسی روٹ کا کرایہ 1900 روپے لیا جا رہا ہے۔

مسافروں کا کہنا ہے کہ متعدد ٹرانسپورٹرز مقررہ کرایوں پر عمل نہیں کرتے اور نہ ہی مسافروں کو ٹکٹ جاری کرتے ہیں، جس کے باعث انہیں اضافی رقم ادا کرنا پڑتی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بعض ٹرانسپورٹرز غریبوں، مزدوروں اور عام مسافروں سے ناجائز طور پر زائد کرایے وصول کر رہے ہیں۔

متاثرہ مسافروں نے اعلیٰ حکام، محکمہ ٹرانسپورٹ اور ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن سے اپیل کی ہے کہ ٹرانسپورٹرز کی من مانی کا فوری نوٹس لیا جائے اور مقررہ کرایوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ غریب اور محنت کش طبقے کو انصاف فراہم کیا جا سکے۔

مزید خبریں

Back to top button